Wednesday 21 May 2014

نابینا افراد کے لیے ’بریل‘ فون بازار میں

لندن میں ایک برطانوی کمپنی نے نابینا افراد کے لیے دنیا کا پہلا بریل موبائل فون مارکیٹ میں متعارف کروایا ہے۔
برطانوی کمپنی کے مطابق اس فون کی بیرونی سطح تھری ڈی پرنٹر سے بنائی گئی ہے۔
واضح رہے کہ اس سے پہلے بھی نابینا افراد کے لیے موبائل فون ایجاد کیے گئے ہیں تاہم اون فون نامی کمپنی کا کہنا ہے کہ اِن کا فون مارکیٹ میں صارفین کے استعمال لیے متعارف کیا جانے والا پہلا فون ہے۔
یہ فون فی الوقت صرف برطانیہ میں متعارف کیا گیا ہے اور اس کی قیمت 60 پاؤنڈ رکھی گئی ہے۔
فون کے موجد ٹام سنڈرلینڈ نے بی بی سی کو بتایا کہ فون کی قیمت کم رکھنے کے لیے ہم نے اس کی بیرونی سطح تھری ڈی پرنٹر سے پرنٹ کی ہے۔
اس فون کی مدد سے نابینا افراد اپنے دوستوں اور خاندان کے لوگوں سے ہر وقت رابطے میں رہ سکتے ہیں۔
سنڈرلینڈ نے کہا کہ ’فون میں نابینا افراد کے لیے دو سے تین بریل زبان کے بٹن دیے گئے ہیں جن سے ان کا نہ صرف اپنے پیاروں سے رابطہ کرنا ممکن ہوگا بلکہ اسے وہ ہنگامی حالات میں بھی استعمال کر سکتے ہیں۔‘
یاد رہے کہ 2012 میں اْون فون نے دنیا کا پہلا جزوی تھری ڈی فون متعارف کروایا تھا اور بعد ازاں 2013 میں انھوں نے بچوں کے لیے کریڈٹ کارڈ جتنا فون ریلیز کیا تھا۔
سنڈرلینڈ نے مزید کہا کہ ’جو لوگ بریل زبان نہیں پڑھ سکتے ان کے لیے ہم نے اس فون میں ابھرے ہوئے حروف متعارف کروائے ہیں۔ ہم فون سے ٹیکسچر اور حروف بھی پرنٹ کر سکتے ہیں تاہم اس کا پیٹنٹ لائسنس ابھی تک ہمیں نہیں ملا۔‘
فون خریدنے کے خواہش مند افراد اْون فون کی ویب سائٹ پر اپنی مرضی کے مطابق فون ڈیزائن کر سکتے ہیں۔
بریل موبائل فون کا تصور نیا نہیں ہے۔ سنہ 2013 میں کریئیٹ نامی بھارتی کمپنی نے بریل فون کا پہلا نمونہ بنایا تھا جس کی سکرین پر اْبھرے ہوئے حروف اور مخصوص حرکات کے لیے وائبریشن کی سہولت موجود تھی۔

0 comments:

Post a Comment