Saturday 5 July 2014

البغدادی کی ویڈیو منظرِعام پر، اطاعت کرنے کی اپیل

عراق میں شدت پسند گروپ دولت اسلامی عراق و شام (داعش یا آئی ایس آئی ایس) کے رہنما ابوبکر البغدادی نے ایک ویڈیو پیغام میں مسلمانوں سے کہا ہے کہ وہ ان کی اطاعت کریں۔

بغدادی کو ان کے گروپ کی طرف سے عراق اور شام کے کچھ علاقوں میں’خلیفہ‘ نامزد کیا گیا ہے۔
اطلاعات کے مطابق یہ ویڈیو شمالی عراق کے شہر موصل کی النوری مسجد میں جمعے کے خطبےکے دوران فلمائی گئی تھی۔

یہ ویڈیو ان اطلاعات کے پس منظر میں سامنے آئی ہے کہ داعش کے رہنما بغدادی عراق کے فضائی حملوں میں یا تو ہلاک ہو گئے ہیں یا شدید زخمی ہیں۔یہ واضح نہیں تھا کہ یہ حملہ کب اور کہاں کیا گیا۔

موصل کی اس جانی پہچانی مسجد میں بغدادی نے اسلامی ریاست کے قیام کو سراہا۔

داعش نےگذشتہ اتوار کو شام اور عراق میں اپنے کنٹرول والے علاقوں میں ایک اسلامی مملکت یا خلافت اسلامیہ قائم کرنے کا اعلان کیا تھا۔

ماہرین کا کہنا ہے کہ لوگوں کی نظروں سے دور رہ کر زندگی گزارنے والے شدت پسند رہنما اس سے پہلے کبھی کسی ویڈیو میں نہیں دیکھے گئے گو کہ ان کی کچھ تصاویر دستیاب ہیں۔

انھوں نے کہا کہ مسلمانوں کا یہ مذہبی فریضہ ہے کہ وہ اپنا رہنما مقرر کریں جس کو گذشتہ کئی دہائیوں سے نظر انداز کیا جاتا رہا ہے۔

انھوں نے کہا کہ ’انھیں خلیفہ بنے کی کوئی خواہش نہیں تھی اور یہ ذمہ داری ان کے لیے بوجھ ہے۔‘
انھوں نے کہا کہ میں تمہارا رہنما ہوں گو کہ میں تم میں سے سب سے اہل نہیں ہوں۔ اگر تم دیکھو کہ میں ٹھیک ہوں تو میری حمایت کرو اگر دیکھو کہ میں غلط ہوں تو میری رہنمائی کرو۔‘

ابوبکر البغدادی کے بارے میں بہت زیادہ معلومات نہیں ہیں کیونکہ وہ ویڈیو پیغام کی بجائے آڈیو پیغام کا سہارا لیتے ہیں۔

اس سے پہلے دو جولائی کو ابوبکر البغدای نے ایک آڈیو پیغام میں دنیا بھر کے مسلمانوں سے عراق اور شام ہجرت کر کے اسلامی ریاست کی تعمیر و تشکیل میں تعاون کی اپیل کی تھی۔

اس کے بعد وزیراعظم نوری المالکی نے خبردار کیا ہے کہ داعش کی طرف سے’خلافت‘ کے قیام کا اعلان پورے خطے کے لیے خطرہ ہے۔

گذشتہ کچھ عرصے کے دوران داعش کے جنگجوؤں نے عراقی فوج سے ایک بہت بڑا علاقہ اپنے قبضے میں لے لیا ہے اور کئی شہروں کے لیے جنگ جاری ہے۔

اقوام متحدہ کا کہنا ہے کہ عراق میں جاری ’تشدد اور انتہا پسندی‘ میں جون میں 2417 عراقی مارے گئے ہیں، اس میں سے 1531 عام شہری ہیں۔

0 comments:

Post a Comment